کراچی (این این آئی) بوٹ بیسن کے قریب شاہ رسول کالونی میں گھر کے اندر فائرنگ کے واقعے میں باپ اور کمسن بیٹا جاں بحق ہوگئے۔
ایس ایس پی ضلع جنوبی کے مطابق باپ نے اپنے 6 سے 7 سالہ بیٹے کو گولی مارنے کے بعد خودکشی کرلی۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ گھریلو جھگڑے کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شوہر اور اہلیہ کے درمیان مالی معاملات پر تنازع چل رہا تھا جبکہ شوہر مالی مشکلات کا بھی شکار تھا۔
فائرنگ سے قبل دونوں میاں بیوی کے درمیان جھگڑا ہوا، جس کے بعد ملزم نے غصے میں آکر پہلے بیٹے کو گولی ماری اور پھر خودکشی کرلی۔پولیس کے مطابق واقعے کے وقت ملزم کی اہلیہ اور بیٹی بھی گھر میں موجود تھیں۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔



















































