اسلام آباد (نیوز ڈیسک)پیٹرولیم مصنوعات کی مہنگی قیمتوں کے باعث عوام کو درپیش مشکلات کم کرنے کے لیے وفاقی حکومت نے پیٹرول ریلیف اسکیم کو مزید وسعت دینے کی تجویز پر غور شروع کردیا ہے۔
اس منصوبے کے تحت مالی امداد حاصل کرنے والے شہریوں کی تعداد ایک کروڑ 27 لاکھ سے بڑھا کر 2 کروڑ تک کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔حکومتی ذرائع کے مطابق فیول ریلیف پروگرام میں توسیع کے مختلف امکانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے شہریوں پر پڑنے والے مالی دباؤ کو کم کیا جاسکے۔ اگر مجوزہ منصوبے کی منظوری مل جاتی ہے تو مزید لاکھوں افراد بھی اس سہولت سے مستفید ہوسکیں گے۔وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ پیٹرول ریلیف پروگرام کا دائرہ بڑھانے کی تجویز زیر غور ہے، تاہم اس بارے میں تاحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا اور نہ ہی توسیع پر عمل درآمد کی تاریخ طے ہوئی ہے۔
موجودہ اسکیم کے تحت شرائط پر پورا اترنے والے موٹر سائیکل سواروں، تھری وہیلر استعمال کرنے والوں اور 800 سی سی سے کم انجن کی گاڑیوں کے مالکان کو فی لیٹر پیٹرول پر 100 روپے تک ریلیف فراہم کرنے کی سہولت موجود ہے۔حکومت اس پروگرام کو وسعت دے کر زیادہ سے زیادہ شہریوں کو بڑھتے ہوئے سفری اخراجات سے تحفظ دینا اور انہیں مالی مشکلات میں کچھ سہارا فراہم کرنا چاہتی ہے۔مجوزہ توسیع کی منظوری کے بعد اسکیم سے فائدہ اٹھانے والوں کی نئی تعداد، امدادی رقم، اہلیت کی شرائط اور رجسٹریشن کے طریقہ کار کے بارے میں تفصیلات جاری کیے جانے کا امکان ہے۔تاہم وفاقی حکومت کی جانب سے ابھی تک کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا، اس لیے نئے فیصلے تک موجودہ اسکیم کے قواعد و ضوابط ہی نافذ العمل رہیں گے۔



















































