اسلام آباد(نیوز ڈیسک)کراچی میں چینی کے نرخوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس سے مہنگائی کے بوجھ تلے دبے شہریوں کو کسی حد تک ریلیف ملنے کی توقع ہے۔
شہر کی تھوک اور پرچون مارکیٹوں میں چینی کی قیمتیں کم ہونے لگی ہیں۔تفصیلات کے مطابق ہول سیل مارکیٹ میں چینی کی فی کلو قیمت 6 روپے گھٹ کر 130 روپے ہوگئی ہے، جبکہ اس سے پہلے تھوک مارکیٹ میں چینی 136 روپے فی کلو فروخت ہو رہی تھی۔دوسری جانب ریٹیل مارکیٹ میں بھی چینی کے نرخوں میں 10 روپے فی کلو کمی دیکھی گئی ہے، جس کے بعد قیمت 150 روپے سے کم ہوکر 140 روپے فی کلو پر آگئی ہے۔ریٹیلرز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری فرید قریشی کے مطابق گنے کی کرشنگ کا سیزن شروع ہونے کے بعد چینی کی قیمتوں میں کمی کا رجحان پیدا ہوا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ کرشنگ سیزن کے باعث مارکیٹ میں چینی کی دستیابی بہتر ہو رہی ہے، جس سے قیمتوں میں اضافے کا دباؤ کم ہوا ہے۔فرید قریشی نے مزید بتایا کہ مارکیٹ میں چینی کے مناسب ذخائر موجود ہیں اور رسد کی بہتر صورتحال بھی قیمتوں میں کمی کا سبب بن رہی ہے۔واضح رہے کہ چینی کے نرخوں میں یہ کمی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب شہری پہلے ہی مہنگائی کے باعث مالی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ مارکیٹ میں رسد بہتر رہنے اور ذخائر کی دستیابی سے قیمتوں میں استحکام کی امید کی جا رہی ہے، تاہم آئندہ دنوں میں چینی کے نرخوں کا دارومدار طلب، رسد اور کرشنگ سیزن کی پیش رفت پر ہوگا۔



















































