اسلام آباد (نیوز ڈیسک) نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے قومی شناختی کارڈ پر نام کی تبدیلی کے خواہش مند شہریوں کے لیے درخواست دینے کا طریقہ کار واضح کردیا ہے۔ اتھارٹی کے مطابق اس مقصد کے لیے متعلقہ دستاویزات کے نمبر فراہم کرنا اور نادرا دفتر میں مقررہ مراحل مکمل کرنا ضروری ہے۔
نجی ٹی وی چینل اے آر وائی نیوز کے مطابق نادرا نے اپنے بیان میں بتایا کہ نام تبدیل کروانے کے لیے درخواست گزار کو یونین کونسل، میونسپل کمیٹی یا کنٹونمنٹ بورڈ سے جاری کردہ تصدیق شدہ کمپیوٹرائزڈ پیدائش سرٹیفکیٹ کا سی آر ایم ایس نمبر فراہم کرنا ہوگا، جس میں نیا نام درج ہو۔
اتھارٹی کے مطابق مذہب تبدیل کرنے کی صورت میں دارالافتاء کا سرٹیفکیٹ بھی پیش کرنا ضروری ہے۔ نادرا نے یہ بھی واضح کیا کہ عام حالات میں شناختی کارڈ پر نام کی تبدیلی زندگی میں صرف ایک مرتبہ کروائی جاسکتی ہے، تاہم شادی کے بعد نام تبدیل کروانے والی خواتین اس پابندی سے مستثنیٰ ہیں۔
نادرا کے مطابق درخواست کے لیے دستاویزات کی فوٹو کاپیاں ساتھ لانے کی ضرورت نہیں، بلکہ متعلقہ دستاویزات کے نمبر فراہم کیے جاسکتے ہیں۔
شناختی کارڈ پر نام تبدیل کروانے کے مراحل
پہلا مرحلہ: ٹوکن کا حصول
نادرا دفتر پہنچنے کے بعد نام کی تبدیلی کے لیے متعلقہ ٹوکن حاصل کریں۔
دوسرا مرحلہ: بائیومیٹرک تصدیق
درخواست گزار کی شناخت کی تصدیق کے لیے بائیومیٹرک عمل مکمل کیا جائے گا۔
تیسرا مرحلہ: کوائف کا اندراج
اس مرحلے میں شہری کے کوائف درج اور درست کیے جائیں گے، جبکہ تصویر اور انگلیوں کے نشانات بھی لیے جائیں گے۔
چوتھا مرحلہ: درخواست کی منظوری
درخواست کی جانچ کے بعد منظوری کا عمل مکمل کیا جائے گا۔ نادرا کے بیان کے مطابق شناختی کارڈ میں ترمیم کے لیے درخواست فارم کی الگ سے تصدیق (Attestation) کروانے کی ضرورت نہیں ہے۔
پانچواں مرحلہ: فیس کی ادائیگی
درخواست منظور ہونے پر شہری کے فراہم کردہ موبائل نمبر پر پیغام بھیجا جائے گا۔ اس کے بعد متعلقہ کیٹیگری کے مطابق نادرا دفتر یا آن لائن فیس ادا کی جاسکتی ہے۔
نام کی تبدیلی کے لیے فیس اور کارڈ کی وصولی
نادرا کی جانب سے بتائی گئی فیس اور ڈیلیوری کی مدت درج ذیل ہے:
ایگزیکٹو کیٹیگری: 2,500 روپے، شناختی کارڈ کی ڈیلیوری 7 دن میں۔
ارجنٹ کیٹیگری: 1,500 روپے، شناختی کارڈ کی ڈیلیوری 15 دن میں۔
نارمل کیٹیگری: 750 روپے، شناختی کارڈ کی ڈیلیوری 30 دن میں۔
آخری مرحلہ: فیس کی ادائیگی کے بعد منتخب کیٹیگری کے مطابق مقررہ مدت مکمل ہونے پر شہری اپنا قومی شناختی کارڈ متعلقہ نادرا دفتر سے وصول کرسکتے ہیں۔



















































