اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی الیکشن میں مسلم لیگ ن کے نظریاتی کارکنوں کو ٹکٹ نہ ملنے پر رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کے خلاف وائٹ پیپر شائع کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ ذرائع نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ سینکڑوں کی تعداد میں لیگی کارکنان نے شنوائی نہ ہونے پر پارٹی کے اندر فارورڈ بلاک بنانے کی کوششیں تیز کردی ہیں‘ بلدیاتی الیکشن میں حکمران جماعت کو اپ سیٹ ہوسکتا ہے۔ کئی یونین کونسلز میں لیگی کارکنان نے پاکستان تحریک انصاف کیلئے خفیہ الیکشن مہم چلا کر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری سے بدلہ لینے کی ٹھان لی ہے۔ ذرائع کے مطابق آئندہ چند روز میں قبضہ مافیا اور ان کے حمایتیوں کے بارے میں ایک وائٹ پیپر کی تیاری شروع کردی ہے۔ جو کہ ایک خصوصی پریس کانفرنس کے ذریعہ میں پیش کی جائے گی ذرائع کے مطابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف ضلع اسلام آباد میں حکمران جماعت میں توڑ پھوڑ سے کافی پریشان ہیں اور انہیں خدشہ ہے کہ انجم عقیل والی صورتحال پیش نہ ہو۔ اگر ایسا ممکن ہوا تو پی ٹی آئی موجودہ بلدیاتی انتخابات میں وفاقی دارالحکومت میں کلین سویپ کرجائے گی۔