اسلام آباد (نیوز ڈیسک) خیبر پختونخوا پولیس کی تنخواہوں اور مراعات میں اضافے کے لیے نئی سمری تیار کرلی گئی ہے،
جس میں مختلف علاقوں میں تعینات اہلکاروں کو سیکیورٹی چیلنج الاؤنس دینے کی سفارش کی گئی ہے۔ سمری گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کو ارسال کردی گئی ہے۔مجوزہ سفارشات کے مطابق جنوبی اضلاع اور ضم شدہ اضلاع میں تعینات پولیس اہلکاروں کو بنیادی تنخواہ کا 120 فیصد، دیگر آباد اضلاع کے اہلکاروں کو 100 فیصد جبکہ ہزارہ ریجن میں خدمات انجام دینے والے اہلکاروں کو 75 فیصد سیکیورٹی چیلنج الاؤنس دینے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔سمری میں تخمینہ لگایا گیا ہے کہ مجوزہ الاؤنس کی ادائیگی کے لیے ماہانہ 5 ارب 15 کروڑ روپے سے زائد اضافی اخراجات درکار ہوں گے۔پولیس کی تنخواہوں اور مراعات میں اضافے کا مطالبہسمری میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ خیبر پختونخوا پولیس گزشتہ تین دہائیوں سے دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں میں مصروف ہے اور اس دوران اہلکاروں نے بھاری قربانیاں دی ہیں۔ تاہم، پولیس ملازمین کی تنخواہیں اور الاؤنسز دیگر صوبوں کے مقابلے میں کم ہونے کی نشاندہی کرتے ہوئے ان میں اضافے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔
دستاویزات میں پولیس کی پیشہ ورانہ اور آپریشنل صلاحیت بہتر بنانے کے لیے جدید اسلحے، حفاظتی سامان، ٹرانسپورٹ اور نگرانی کے آلات کی خریداری کے لیے بھی اضافی فنڈز مانگے گئے ہیں۔جدید اسلحہ اور حفاظتی آلات خریدنے کی سفارشمجوزہ خریداری میں سب مشین گنز، رائفلز، بلٹ پروف جیکٹس، بیلسٹک ہیلمٹس، ڈرونز، تھرمل ویپن سائٹس، دوربینیں، ڈرونز کو ناکارہ بنانے والے نظام اور بکتر بند گاڑیاں شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق پولیس کی مختلف ضروریات پوری کرنے کے لیے 13 ارب 87 کروڑ روپے سے زیادہ کے اضافی فنڈز طلب کیے گئے ہیں۔ مالی سال 2026-27 کے لیے آباد اضلاع میں خریداری کی مد میں 11 ارب 16 کروڑ روپے جبکہ ضم شدہ اضلاع کے لیے 3 ارب 35 کروڑ روپے سے زائد جاری کرنے کی درخواست بھی سمری کا حصہ ہے۔ترقیاتی منصوبوں کے لیے بھی اضافی رقم طلبخیبر پختونخوا پولیس کے جاری ترقیاتی منصوبوں اور مختلف اسکیموں کی تکمیل کے لیے بھی مالی معاونت مانگی گئی ہے۔ اس مقصد کے لیے مجموعی طور پر 12 ارب 22 کروڑ روپے کے اجرا کی درخواست کی گئی ہے۔
سمری میں کہا گیا ہے کہ محدود بجٹ کے باعث پولیس کو جدید اسلحے، حفاظتی سامان اور نگرانی کے آلات کی کمی کا سامنا ہے۔ ان ضروریات کو پورا کرنے اور اہلکاروں کو درپیش سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیت بڑھانے کے لیے اضافی وسائل فراہم کرنا ضروری ہے۔واضح رہے کہ پولیس کے الاؤنسز میں اضافے، اضافی فنڈز اور خریداری سے متعلق یہ تجاویز سمری میں پیش کی گئی ہیں۔ ان کی منظوری اور عملی نفاذ کے بارے میں حتمی فیصلہ متعلقہ حکام کی جانب سے کیا جائے گا۔



















































