اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر نے کہا ہے کہ صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری خیبرپختونخوا کے عوام کے لیے ’جنگلی‘ کا لفظ استعمال نہیں کرسکتیں۔
ایبٹ آباد میں پریس کانفرنس کے دوران کیپٹن (ر) صفدر نے کہا کہ جن لوگوں کو بہن یا بیٹی کا رشتہ دیا جائے، انہیں جنگلی نہیں کہا جاتا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر خیبرپختونخوا کے لوگ جنگلی ہوتے تو آج رشتے داری کا تعلق قائم نہ ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز خیبرپختونخوا کی بہو ہیں، اس لیے دونوں صوبوں کے درمیان رشتہ موجود ہے۔ کیپٹن (ر) صفدر کے مطابق عظمیٰ بخاری تعلیم یافتہ اور سمجھدار ہیں، اس لیے وہ اس نوعیت کی بات نہیں کرسکتیں۔
کیپٹن (ر) صفدر نے خود کو خیبرپختونخوا کا بیٹا قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ صوبے کے حقوق کے لیے صرف خیبرپختونخوا ہی نہیں بلکہ پورے پاکستان میں آواز اٹھائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب خیبرپختونخوا کی بہو ہیں اور جس قدر پنجاب کا ان پر حق ہے، اس سے زیادہ حق خیبرپختونخوا کا ہے۔



















































