لاہور (این این آئی)لارڈز ٹیسٹ کے بعد پاکستانی ٹیم سے ریلیز ہونے والے کرکٹر محمد رضوان اور امام الحق لاہور میں نیشنل سائبرکرائم انویسٹیگشن ایجنسی (این سی سی آئی اے)کے روبرو پیش ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق دونوں کھلاڑیوں نے سوالوں کے جواب دینے کے لیے مزید وقت مانگ لیا ہے۔ باخبر ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وکٹ کیپر محمد رضوان جمعرات کے روز دوپہر تین بجے لاہور میں واقع نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی کے روبرو پیش ہوئے۔این سی سی آئی اے ذرائع کے مطابق دونوں کرکٹرز سے ان کے موبائل فون ان لاک کرائے جائیں گے۔ انگلینڈ کے خلاف سیریز کے دوران ڈریسنگ روم لیکس سے متعلق تفتیش کی جائے گی۔
کرکٹ بورڈ نے دونوں کھلاڑیوں کے موبائل فون این سی سی آئی اے کے حوالے کیے تھے۔ اس سے پہلے خبر آئی تھی کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے ڈسپلن اور رویے سے متعلق میڈیا رپورٹس کے بعد تحقیقات کررہا ہے اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ نے کوئی تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے۔پی سی بی ذرائع نے کہا کہ انکوائری کا سلسلہ چونکہ ابھی جاری ہے اس لییکوئی تبصرہ نہیں کیا جائیگا۔دوسری جانب بورڈ کے ذرائع نے کہاکہ کرکٹرز اور آفیشلز سے متعلق میڈیا پر غیر مصدقہ اور بے بنیاد خبریں چلائی جا رہی ہیں۔



















































