اسلام آباد (نیوز ڈیسک) سنگاپور کی حکومت نے وزیر اعظم لارنس وونگ سمیت کابینہ کے دیگر وزرا اور اعلیٰ سرکاری عہدیداروں کی سالانہ تنخواہوں میں اضافے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس اضافے کے بعد لارنس وونگ کی سالانہ آمدن میں 14 لاکھ سنگاپورین ڈالر، جو تقریباً 11 لاکھ امریکی ڈالر کے برابر ہیں، کا اضافہ ہوگا۔ وہ پہلے ہی دنیا کے سب سے زیادہ معاوضہ حاصل کرنے والے سیاسی رہنما قرار دیے جاتے ہیں۔وزیر اعظم لارنس وونگ نے اعلان کیا ہے کہ وہ آئندہ پانچ برسوں کے دوران اپنی تنخواہ میں ہونے والے اضافے کی رقم فلاحی سرگرمیوں کے لیے عطیہ کریں گے۔ان کا کہنا ہے کہ سیاست میں قابل اور باصلاحیت افراد کو راغب کرنے کے لیے وزرا کو مناسب معاوضہ دینا ضروری ہے۔ سنگاپور کی حکومت ماضی میں بھی یہ مؤقف اختیار کرتی رہی ہے کہ سرکاری عہدیداروں کو بہتر تنخواہیں دینے سے بدعنوانی کی حوصلہ شکنی میں مدد مل سکتی ہے۔
موجودہ اضافے سے پہلے لارنس وونگ کو سالانہ 22 لاکھ سنگاپورین ڈالر تنخواہ ملتی ہے، تاہم نئے فیصلے کے بعد ان کا سالانہ معاوضہ بڑھ کر 36 لاکھ سنگاپورین ڈالر، یعنی تقریباً 28 لاکھ امریکی ڈالر، ہوجائے گا۔دنیا کے دیگر سربراہان حکومت کے معاوضوں کا جائزہ لیا جائے تو ہانگ کانگ کے چیف ایگزیکٹو جان لی تقریباً 7 لاکھ 19 ہزار امریکی ڈالر سالانہ کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ سوئٹزرلینڈ کے صدر گائے پرمیلین کی سالانہ تنخواہ تقریباً 6 لاکھ 6 ہزار ڈالر ہے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو سالانہ 4 لاکھ ڈالر جبکہ برطانوی وزیر اعظم اینڈی برنہم کو تقریباً 2 لاکھ 30 ہزار ڈالر سالانہ تنخواہ ملتی ہے۔



















































