اسلام آباد (نیوز ڈیسک)پنجاب حکومت نے صوبے بھر کے سرکاری سکولوں میں تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ کچن گارڈننگ کو بھی فروغ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس حوالے سے محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے تمام سرکاری تعلیمی اداروں میں موسمی سبزیوں کی کاشت کو لازمی قرار دیتے ہوئے باقاعدہ مراسلہ جاری کردیا ہے۔
جاری کردہ ہدایات کے مطابق سکول کی حدود میں موجود خالی زمین کو استعمال میں لاتے ہوئے مختلف موسمی سبزیاں کاشت کی جائیں گی۔ تمام سرکاری سکولوں کے ہیڈ ماسٹرز اور پرنسپلز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس منصوبے پر فوری اور مؤثر انداز میں عملدرآمد یقینی بنائیں۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ہر سکول کا سربراہ ایک ذمہ دار فرد مقرر کرے گا جو سبزیوں کی کاشت، انہیں بروقت پانی دینے اور روزانہ کی بنیاد پر ان کی دیکھ بھال کا ذمہ دار ہوگا۔ منصوبے کی نگرانی اور پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے سکول انتظامیہ کو سبزیوں کی افزائش اور نگہداشت کی تصاویر روزانہ متعلقہ حکام کے ساتھ شیئر کرنا ہوں گی۔
محکمہ تعلیم نے تمام ایجوکیشن افسران کو بھی ہدایت جاری کی ہے کہ وہ اپنے اضلاع میں کچن گارڈننگ منصوبے پر عملدرآمد کی نگرانی کریں۔ احکامات پر عمل نہ کرنے یا غفلت کا مظاہرہ کرنے والے سکولوں اور متعلقہ ذمہ داران کے خلاف انتظامی کارروائی کی جائے گی۔
حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد طلبہ میں ماحول دوست سوچ پیدا کرنے کے ساتھ انہیں کچن گارڈننگ اور پودوں کی دیکھ بھال کے عملی تجربے سے روشناس کرانا ہے۔ اس کے علاوہ سکولوں کی غیر استعمال شدہ زمین کو کارآمد بنانے اور بچوں میں خود انحصاری کا جذبہ اجاگر کرنے میں بھی مدد ملے گی۔
سکولوں میں تیار ہونے والی تازہ اور ممکنہ طور پر زہریلی ادویات سے پاک سبزیاں تعلیمی اداروں کی فلاحی سرگرمیوں یا طلبہ کی ضروریات کے لیے استعمال کی جا سکیں گی۔



















































