لاہور( این این آئی)ستھرا پنجاب کے اینٹی لٹرنگ اسکواڈ کے دستے شہر کی سڑکوں، بازاروں اور تجارتی مراکز میں گشت پر تعینات کردیئے گئے،
جہاں شہریوں کو صفائی قوانین اور کوڑا کرکٹ کی محفوظ منتقلی سے متعلق آگاہی دی جارہی ہے۔سی ای او شہریار عارف خان کے مطابق کوڑا کرکٹ پھینکنے والوں کے خلاف پہلی بار کارروائی کے بجائے وارننگ اور آگاہی دی جائے گی، تاہم صفائی قوانین کی مسلسل خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ سڑکوں پر کوڑا پھینکنے اور اسے جلانے والوں کو بھاری جرمانے کیے جائیں گے۔ کارروائی پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025ء اور ستھرا پنجاب اتھارٹی ایکٹ 2026ء کے تحت عمل میں لائی جائے گی عوامی مقامات پر کوڑا پھینکنے پر 1,000روپے سے 10,000روپے تک جرمانہ عائد کیا جائے گا، جبکہ گھر، دکان یا فیکٹری کے باہر صفائی نہ رکھنے پر 1,000روپے سے 50,000روپے تک جرمانہ ہوگا۔دکانوں اور شاپنگ مالز میں ممنوعہ پلاسٹک بیگز رکھنے پر 1,000روپے سے 2,000روپے تک جرمانہ ہوگا کوڑے کو آگ لگانے پر 1لاکھ سے 5لاکھ روپے تک جرمانہ اور 2 سال تک قید کی سزا ہوسکتی ہے جبکہ فیکٹری یا انفرادی طور پر ٹائر جلانے پر 5لاکھ روپے تک جرمانہ اور 7 سال تک قید ہوسکتی ہے۔
سی ای او شہریار عارف خان نے بتایا کہ تمام جرمانوں کی رقم صرف بینکنگ یا ڈیجیٹل طریقہ کار سے جمع کروائی جاسکے گی، جبکہ کسی بھی اہلکار کو نقد رقم جمع کروانے پر مکمل پابندی عائد ہے انہوں نے کہا کہ اینٹی لٹرنگ اسکواڈ کا مقصد شہر کو ویسٹ فری بنانا ہے۔ شہریوں کو کوڑا کرکٹ کی محفوظ منتقلی اور صفائی قوانین سے متعلق آگاہی بھی دی جارہی ہے۔اس سے قبل لبرٹی چوک میں ستھرا پنجاب کے اینٹی لٹرنگ اسکواڈ اور ای چالان کے حوالے سے میڈیا بریفنگ میں ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر)علی اعجاز نے بتایا تھا کہ سسٹم کو مزید بہتر بنانے کیلئے ڈیجیٹلائزڈ کیا جارہا ہے اور اس حوالے سے آگاہی مہم بھی شروع کی جارہی ہے۔ڈپٹی کمشنر لاہور کے مطابق اینٹی لٹرنگ اسکواڈ میں 50افراد شامل ہیں جبکہ 25موٹر سائیکلیں بھی موجود ہیں۔سی ای او شہریار عارف خان نے بتایا کہ ہمارا مقصد ریونیو اکٹھا کرنا نہیں بلکہ لوگوں کو سروس فراہم کرنا ہے۔اس وقت ڈور ٹو ڈور کولیکشن پر 300روپے لئے جاتے ہیں۔



















































