راولپنڈی (این این آئی)راولپنڈی میں اپنی اہلیہ حنا جاوید کے قتل کے مقدمے کے مرکزی ملزم فیصل اصغر امام کی ایک پرانی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے
جس میں وہ اتفاقا شوہر کے ہاتھوں بیوی کے قتل کی مثال دیتے دکھائی دے رہے ہیں۔وائرل ویڈیو ایک کارپوریٹ ٹریننگ لیکچر کی ہے جس کا عنوان مینیجرز کو جج کرنا چاہیے یا مسئلے کو سمجھنا چاہیے تھا۔لیکچر کے دوران فیصل اصغر امام انتظامی فیصلوں اور انسانی رویوں کو سمجھانے کے لیے حاضرین کے سامنے ایک فرضی صورتحال رکھتے ہوئے کہتے ہیں کہ ایک شوہر نے اپنی بیوی کو گولی مار دی، آپ کیا سوچتے ہیں یہ صحیح چیز ہے یا غلط؟وہ حاضرین کو فوری طور پر اس شخص کو برا قرار دینے کے بجائے واقعے کے پس پردہ ممکنہ وجوہات پر غور کرنے کا کہتے ہیں اور مختلف فرضی مثالیں پیش کرتے ہیں،
جن میں شدید نشے کی حالت، دماغ کے پری فرنٹل کورٹیکس میں رسولی کے باعث رویے میں تبدیلی اور بیوی کی جانب سے چیٹنگ جیسی صورتحال شامل ہیں،اگرچہ مذکورہ مثال ایک مینجمنٹ فریم ورک سمجھانے کے لیے دی گئی تھی مگر فیصل پر اپنی اہلیہ کے قتل کا الزام سامنے آنے کے بعد اس پرانی ویڈیو نے سوشل میڈیا صارفین کو چونکا دیا ہے اور اسے موجودہ کیس کے تناظر میں بڑے پیمانے پر شیئر کیا جا رہا ہے۔واضح رہے کہ فیصل اصغر امام پر تاحال جرم ثابت نہیں ہوا اور معاملہ زیرِ تفتیش ہے، اس لیے وائرل ویڈیو میں دی گئی فرضی مثال کو موجودہ قتل کیس سے جوڑنے کا کوئی ثبوت سامنے نہیں آیا۔



















































