فیصل آباد(نیوز ڈیسک)سعید اجمل کرکٹ اکیڈمی میں پانی بھر گیاہے جبکہ سعید اجمل کا کہنا ہے کہ یونی ورسٹی انتظامیہ نے جان بوجھ کرپانی چھوڑا ہے۔تفصیلات کے مطابق سعید اجمل کرکٹ اکیڈمی کا معاملہ تاحال حل طلب محسوس ہوتا ہے۔آج زرعی یونی ورسٹی الیون اور سعید اجمل الیون میں دوستانہ میچ ہو نا تھالیکن میچ سے قبل اکیڈمی میں پانی گھر گیا ہے جس کے بارے میں بات کرتے ہوئے قومی کرکٹر سعید اجمل نے الزام لگایاہے کہ اکیڈمی میں یونی ورسٹی انتظامیہ نے جان بوجھ کر پانی چھوڑا ہے۔سعید اجمل کا کہنا ہے کہ گراؤنڈ کے اردگرد فصلیں کاشت کرنے کیلئے پانی لگایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ گراؤنڈ میں پانی کی وجہ سے میچ ممکن نہیں رہا ،گیلے گراؤنڈ میں نہیں کھیلیں گے کہ کہیں کوئی بچہ زخمی نہ ہو جائے۔مسئلہ ایم او یو کا نہیں مسئلہ یہ ہے کہ معاملے کو سلجھانے میں تاخیر کی جا رہی ہے۔ صبح آٹھ بجے سے پانی نکال رہے ہیں۔سعید اجمل کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے کرکٹ اکیڈمی کے معاملے پر کمیٹی بنائی ہوئی ہے ،وزیراعلیٰ کو تمام حالات سے آگاہ کروں گا۔انہوں نے کہا کہ یونی ورسٹی کے وائس چانسلر نے فون بند کر رکھا ہے،میرے پاس احتجاج کے سوا کوئی چارہ نہیں رہا۔خیال رہے کہ زرعی یونی ورسٹی اور سعید اجمل میں معاہدے پر دستخط ہونا باقی ہیں جو کہ میچ کے بعد میڈیا کی موجودگی میں ہونا تھے۔