قاہرہ(نیوز ڈیسک) آئی بی ایس ایف عالمی اسنوکر چیمپئن شپ میں قومی کھلاڑیوں کی فتوحات کا سلسلہ جاری ہے، عالمی نمبر2 و سابق ایشین چیمپئن محمد سجاد اور سابق عالمی چیمپئن محمد آصف نے اپنے دونوں میچز باآسانی جیت لیے۔مصر کے شہر ہرغازہ میں جاری ایونٹ کے لیگ راﺅنڈ میں گروپ این ٹاپ سیڈ محمد سجاد نے کویتی حریف اعلیٰ السعید کو4-0 سے قابو کرکے پیش قدمی جاری رکھی، قومی نمبر2 نے اپنے پہلے مقابلے میں یمن کے احمد حتیم کو کسی مشکل کے بغیر 4-0 سے قابو کیا تھا، سجاد اپنے تیسرے میچ میں ایران کے تیمورحسن سے مقابلہ کریں گے۔گروپ وی میں سیڈ 3 قرار پانے والے قومی نمبر ون محمد آصف نے بھی اپنے دوسرے میچ میں کامیابی پالی۔ انھوں نے بھارت کے فیصل خان کوکوئی فریم گنوائے بغیر4-0 سے مات دی۔ قبل ازیں انھوں نے اپنے ابتدائی میچ میں عراق کے عمر آل کو4-1 سے زیر کیا، تیسرے میچ میں آصف کا سامنا مالٹا کے ارون بسوٹل سے ہونا ہے۔ گروپ ٹی میں سیکنڈ سیڈ اورقومی نمبر5 شہرام چنگیزی کو اپنے پہلے میچ میںایک فریم کی قربانی دینا پڑی، انھوں نے برازیل کے تھا ڈیوگیاناٹاسیو نوبرز کو4-1 سے ہرایا، دوسرے میچ میں ان کے مقابل میزبان کھلاڑی محمد حمدان ہوں گے۔