اسلام آباد(نوز ڈیسک) اسلام آباد میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) اور نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی
(این سی سی آئی اے) نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے تقریباً 400 غیر ملکی شہریوں کو حراست میں لے لیا، جن میں 258 چینی باشندے بھی شامل ہیں۔اے آر وائی نیوز کے مطابق کارروائی کے بعد ایف آئی اے نے گرفتار غیر ملکی شہریوں کے خلاف فارن ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔ مقدمے میں بتایا گیا ہے کہ گرفتار افراد کا تعلق چین، ویتنام، انڈونیشیا اور ملائیشیا سے ہے۔حکام کے مطابق ویتنامی شہری اسلام آباد کے علاقے گلبرگ گرینز میں واقع اسپارکو پلازہ میں موجود تھے۔ غیر ملکی شہریوں کی سفری دستاویزات اور ویزوں کی جانچ پڑتال انٹیگریٹڈ بارڈر مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے کی گئی۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق ویتنام سے تعلق رکھنے والے بعض افراد وزٹ، ٹورسٹ اور بزنس ویزوں پر پاکستان پہنچے تھے۔ حکام نے الزام عائد کیا ہے کہ ان افراد نے ویزا قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مبینہ طور پر غیر قانونی کاروباری سرگرمیاں شروع کر رکھی تھیں اور غیر قانونی کال سینٹر بھی چلا رہے تھے۔
دوسری جانب ایف آئی اے نے انسانی اسمگلنگ کے خلاف بھی مختلف شہروں میں کارروائیاں کیں۔ گوجرانوالہ، گجرات اور سیالکوٹ میں چھاپوں کے دوران بیرون ملک ملازمت یا سفر کے نام پر شہریوں سے مبینہ فراڈ کرنے والے 17 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ایف آئی اے ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان نے شہریوں کو بیرون ملک بھجوانے کا جھانسہ دے کر ان سے لاکھوں روپے وصول کیے تھے۔حکام کے مطابق گرفتار کیے گئے افراد میں گوجرانوالہ سرکل سے 10، گجرات سے 5 جبکہ سیالکوٹ سرکل سے 2 ملزمان شامل ہیں۔ مزید تفتیش کے ذریعے مقدمات سے متعلق حقائق اور دیگر ممکنہ ملزمان کا سراغ لگایا جا رہا ہے۔



















































