اسلام آباد (نیوز ڈیسک) خیبرپختونخوا کے پانچ اضلاع میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال کے پیش نظر آج پیر سے مختلف علاقوں اور اہم شاہراہوں پر کرفیو نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے شہریوں کی نقل و حرکت محدود رکھنے کے لیے مخصوص اوقات مقرر کیے گئے ہیں۔
کرفیو سے متاثر ہونے والے اضلاع میں ٹانک، ڈیرہ اسماعیل خان، اپر شمالی وزیرستان، لوئر شمالی وزیرستان اور جنوبی وزیرستان شامل ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کے احکامات کے مطابق بعض علاقوں میں صبح 6 بجے سے شام 7 بجے تک شہریوں اور گاڑیوں کی آمدورفت پر پابندی رہے گی۔
برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق ان اضلاع میں گزشتہ کئی ماہ کے دوران سکیورٹی صورتحال میں خرابی دیکھی گئی ہے، جبکہ پولیس اور سکیورٹی فورسز کو بھی مختلف حملوں کا سامنا کرنا پڑا۔ اس سے قبل بنوں کے بعض علاقوں میں بھی کرفیو نافذ کیا گیا تھا، جہاں سکیورٹی اداروں نے مشترکہ کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد عسکریت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔
خیبرپختونخوا پولیس کے اعدادوشمار کے مطابق رواں سال شدت پسندی کے واقعات میں 150 سے زائد پولیس اہلکار جاں بحق ہو چکے ہیں۔ اعدادوشمار کے مطابق 2002 سے جولائی 2026 تک صوبے میں مجموعی طور پر 2396 پولیس اہلکار جان کی بازی ہار چکے ہیں، جبکہ گزشتہ دو برس کے دوران جانی نقصان میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
ٹانک میں اہم سڑکیں بند رہیں گی
ٹانک کے ڈپٹی کمشنر کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق سکیورٹی صورتحال کے باعث متعدد اہم شاہراہوں کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند رکھا جائے گا۔ ان میں ٹانک جنڈولہ روڈ، ٹانک ڈی آئی خان روڈ، ڈی آئی خان ٹانک بائی پاس، سدکائی کوٹ پٹھان روڈ، دیال ٹانک بائی پاس اور چدرہ غاڑہ میٹھو روڈ سمیت دیگر سڑکیں شامل ہیں۔
ٹانک وزیرستان مرکزی شاہراہ پر بھی آمدورفت معطل رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ انتظامیہ نے شہریوں کو مقررہ اوقات کے دوران غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ڈی آئی خان میں بھی کرفیو نافذ
ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی صبح 6 بجے سے شام 7 بجے تک مختلف علاقوں اور شاہراہوں پر نقل و حرکت محدود رہے گی۔ انتظامیہ کے مطابق ڈی آئی خان ٹانک روڈ، کلاچی ہتالہ روڈ، ٹکوارا ہتالہ روڈ، کنوری گڑھا محبت روڈ، چہکن درباری روڈ اور پوٹاہا کوٹ عیسیٰ خان روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند رکھا جائے گا۔
مراسلے کے مطابق پوٹاہا ہتالہ بازار بھی مذکورہ اوقات میں مکمل طور پر بند رہے گا اور کسی بھی قسم کی آمدورفت کی اجازت نہیں ہوگی۔
شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں پابندیاں
شمالی وزیرستان کے سب ڈویژن سرواکئی اور لدھا میں بھی سکیورٹی صورتحال کے باعث کرفیو نافذ کیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق ان علاقوں میں صبح 7 بجے سے شام 7 بجے تک نقل و حرکت پر پابندی ہوگی۔
انتظامیہ نے دونوں تحصیلوں میں بازار بند رکھنے کے ساتھ ساتھ بغیر اجازت افراد اور گاڑیوں کی آمدورفت پر بھی پابندی عائد کی ہے۔
اس دوران لدھا مکین روڈ، مکین تابیسار روڈ، سراروغا کوٹکئی روڈ، سپینکئی روڈ، درگئی پل مدی جان روڈ، شین ورسک مولے خان سرائے روڈ اور سرواکئی ملے خان سرائے روڈ سمیت متعدد شاہراہیں بھی بند رہیں گی۔
ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ کرفیو کے مقررہ اوقات میں گھروں سے غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں اور سکیورٹی سے متعلق جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں۔



















































