اسلام آباد (نیوز ڈیسک)حکومتِ پنجاب نے وزیراعلیٰ پنجاب کلائمیٹ لیڈرشپ ڈویلپمنٹ انٹرن شپ پروگرام کے دوسرے مرحلے (فیز II، بیچ II) کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ اس پروگرام کے تحت منتخب امیدواروں کو تین ماہ کی انٹرن شپ کے دوران 60 ہزار روپے ماہانہ وظیفہ فراہم کیا جائے گا۔
محکمہ تحفظِ ماحول و ماحولیاتی تبدیلی پنجاب کے زیرِ انتظام شروع کیے گئے اس پروگرام کا مقصد نوجوانوں کو ماحولیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تیار کرنا اور انہیں ماحول دوست پالیسی سازی اور گورننس میں عملی کردار ادا کرنے کے قابل بنانا ہے۔
حکومت کی جانب سے خواتین کی نمائندگی بڑھانے کے لیے اس پروگرام کی 50 فیصد نشستیں طالبات کے لیے مختص کی گئی ہیں، تاکہ ماحولیاتی قیادت میں ان کی مؤثر شمولیت کو فروغ دیا جا سکے۔
انٹرن شپ کے دوران شرکاء کو مختلف اضلاع میں عملی تربیت، لرننگ مینجمنٹ سسٹم تک رسائی، ماحولیاتی تحفظ ایجنسی (EPA) کے فیلڈ دفاتر کے دورے، کیپسٹن پراجیکٹس، UNFCCC سے متعلق سرٹیفکیشن اور ماہرین کی نگرانی میں کام کرنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔
درخواست دینے کے لیے امیدوار کی عمر آخری تاریخ تک 20 سے 27 سال کے درمیان ہونا ضروری ہے، جبکہ کم از کم بیچلر ڈگری کے ساتھ 75 فیصد نمبر یا 4.0 میں سے 3.0 سی جی پی اے لازمی قرار دیا گیا ہے۔
یہ انٹرن شپ انوائرمنٹل سائنسز، انجینئرنگ، بزنس، کمپیوٹر سائنس، جی آئی ایس، سوشل سائنسز، پبلک پالیسی، اکنامکس، میڈیا اسٹڈیز، جرنلزم اور قانون سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے گریجویٹس کے لیے دستیاب ہے۔
دلچسپی رکھنے والے امیدوار ای پی اے پنجاب کے آفیشل آن لائن پورٹل پر رجسٹریشن کر کے درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔ درخواست کے ساتھ تعلیمی اسناد، قومی شناختی کارڈ اور ڈومیسائل اپ لوڈ کرنا لازمی ہوگا۔
حکام کے مطابق درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 18 جولائی 2026 مقرر کی گئی ہے، جبکہ مقررہ وقت گزرنے کے بعد موصول ہونے والی درخواستوں کو زیرِ غور نہیں لایا جائے گا۔



















































