اسلام آباد (نیوز ڈیسک)محکمہ موسمیات پاکستان نے عیدالاضحیٰ کے دوران
ملک کے متوقع موسم کے حوالے سے پیشگوئی جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ موجودہ بارشوں کے سلسلے کے بعد گرمی کی شدت دوبارہ بڑھنے کا امکان ہے، جبکہ بالائی پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں آئندہ دو روز کے دوران مزید بارش متوقع ہے۔ ڈائریکٹر محکمہ موسمیات عرفان ورک نے کہا کہ لاہور میں اگلے دو دن موسم نسبتاً خوشگوار رہے گا، تاہم اس کے بعد درجہ حرارت میں دوبارہ اضافہ متوقع ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بالائی اور شمال مشرقی پنجاب کے علاقوں میں بھی آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران بارش ہونے کا امکان موجود ہے۔کراچی کے موسم سے متعلق انہوں نے کہا کہ شہر میں اس وقت مئی کے ابتدائی دنوں جیسی شدید گرمی نہیں، تاہم درجہ حرارت بدستور بلند رہے گا اور اگلے دو روز تک موسم میں بہتری برقرار رہنے کی توقع ہے۔عیدالاضحیٰ کے حوالے سے عرفان ورک نے بتایا کہ موجودہ بارشوں کا سلسلہ ختم ہونے کے بعد ملک میں گرمی بتدریج شدت اختیار کرے گی۔ ان کے مطابق عید سے پہلے ایک اور بارش برسانے والا سسٹم آنے کا امکان موجود ہے، تاہم اس بارے میں ابھی حتمی طور پر کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ تازہ موسمی اندازوں کے مطابق بارشیں ختم ہونے کے بعد درجہ حرارت میں اضافہ ہوگا اور عید کے دنوں میں گرمی زیادہ محسوس کی جا سکتی ہے۔ڈائریکٹر محکمہ موسمیات نے النینو کے اثرات پر بات کرتے ہوئے وضاحت کی کہ اگر بحرالکاہل میں النینو کی صورتحال فعال ہو جائے تو مون سون سیزن کے دوران جنوبی ایشیا میں بارشوں کی مقدار معمول سے کم رہ سکتی ہے۔



















































