اسلام آباد (نیوز ڈیسک) معروف اینکر محمد مالک نے دعویٰ کیا ہے کہ حال ہی میں ہونے والی ایک انتہائی اہم بیٹھک میں بڑے نوعیت کے فیصلے کیے گئے ہیں۔
اپنے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں یہ طے پایا کہ پہلے پاکستان فرسٹ کی بات ہوتی تھی، لیکن اب ترجیح سیکیورٹی فرسٹ ہوگی۔ اس کے ساتھ یہ ہدایت بھی سامنے آئی کہ حکومت کو اپنے اخراجات کم کرنے ہوں گے، کیونکہ جس دشمن کا سامنا ہے وہ دفاعی لحاظ سے پاکستان سے دس گنا اور اقتصادی طور پر پانچ گنا زیادہ طاقت رکھتا ہے۔
مالک کے مطابق میٹنگ میں حکومتی فضول خرچیوں پر سخت تشویش ظاہر کی گئی، خاص طور پر ایک صوبے کی وزیر اعلیٰ کے بارے میں کہا گیا کہ ان کے ہر سرکاری پروگرام پر کروڑوں روپے لٹائے جاتے ہیں، جسے فوری طور پر روکنے کی ضرورت ہے۔ اسی دوران این ایف سی میں ضروری تبدیلیاں کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اجلاس کے دوران ایک اہم جملہ بھی بولا گیا کہ “فوج اپنا کام کرچکی ہے، اب سیاست دانوں کی باری ہے کہ وہ کارکردگی دکھائیں۔” میٹنگ میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ اگر پاکستان نے ایک مضبوط ریاست بننا ہے تو اسے ہر شعبے میں سخت اور مؤثر ریاستی نظم اپنانا ہوگا۔















































