لاہور (این این آئی) میٹرک آرٹس کے ساتھ کرنے والے طلبہ کو سائنس گروپس میں داخلے کی اجازت مل گئی، اب طلبہ پری میڈیکل، پری انجینئرنگ، کمپیوٹر سائنس (آئی سی ایس)اور دیگر سائنس سے متعلق گروپس میں داخلہ لے سکیں گے،پالیسی 2026ء کے ایس ایس سی امتحانات سے نافذ ہوگی۔تعلیمی حکام نے ایک اہم پالیسی تبدیلی کے تحت میٹرک (آرٹس/ہیومینیٹیز)کے طلبہ کو انٹرمیڈیٹ سطح پر سائنس گروپس میں داخلے کی اجازت دے دی ہے۔
اس فیصلے کے مطابق، آرٹس کے سٹوڈنٹس اب پری میڈیکل، پری انجینئرنگ، کمپیوٹر سائنس (آئی سی ایس)اور دیگر سائنس سے متعلق گروپس میں داخلہ لے سکیں گے۔یہ فیصلہ انٹر بورڈ کوآرڈینیشن کمیشن (آئی بی سی سی)کے اجلاس میں کیا گیا اور اس کا اطلاق 2026ء کے پہلے سالانہ ایس ایس سی امتحانات سے ہوگا۔ آئی بی سی سی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شہزاد علی گل کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں بتایا گیا کہ یہ پالیسی تمام متعلقہ اداروں سے مشاورت کے بعد منظور کی گئی ہے، جن میں پاکستان انجینئرنگ کونسل (پی ای سی)، پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) اور ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی)شامل ہیں۔تعلیمی حکام نے اس فیصلے کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے آرٹس کے ہزاروں طلبہ کے لیے نئے تعلیمی مواقع پیدا ہوں گے۔















































