اسلام آبا د (نیوز ڈ یسک) سندھ حکومت نے ٹریفک نظام کے بعد اب فوڈ اتھارٹی میں بھی ای چالان اور مکمل ڈیجیٹل سہولیات متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔صوبائی وزیر خوراک مخدوم محبوب الزماں نے پیپلز پارٹی خواتین ونگ کی مرکزی صدر فریال تالپور سے ملاقات میں فوڈ اتھارٹی کی ڈیجیٹلائزیشن سے متعلق تفصیلی رپورٹ پیش کی۔وزیر خوراک کے مطابق جلد آن لائن رجسٹریشن، شکایات کے ازالے کا ڈیجیٹل نظام اور ای چالان کا جدید سسٹم نافذ کیا جائے گا، جس سے محکمے کی کارکردگی میں شفافیت اور عوام کو فوری سہولت میسر ہوگی۔
انہوں نے بتایا کہ نئے نظام سے فوڈ اتھارٹی کی سرگرمیوں میں جدت آئے گی اور صارفین کو بہتر اور قابلِ اعتماد خدمات فراہم کی جا سکیں گی۔ملاقات کے دوران مخدوم محبوب الزماں نے فریال تالپور کو ناقص غذا کے خلاف جاری اقدامات، گیلے اسٹاک پالیسی اور دیگر حکومتی اقدامات پر بھی بریفنگ دی۔صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ فوڈ اتھارٹی کی ڈیجیٹل تبدیلی نہ صرف خدمات کی رفتار بڑھائے گی بلکہ کھانے کے معیار کو بہتر بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔















































