اسلام آباد(نیوز ڈیسک) خشک سردی، دھند اور سموگ نے شہریوں کو مشکلات اور بیماریوں میں مبتلا کر رکھا ہے، تاہم اب امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ جلد ہی موسم میں بڑی تبدیلی آئے گی۔ دسمبر کے تیسرے یا چوتھے ہفتے میں بارشوں اور برفباری کا سلسلہ دوبارہ شروع ہونے کی امید پیدا ہو گئی ہے۔موسمی ماڈلز گزشتہ چند روز سے یہی اشارہ دے رہے ہیں کہ ایک کے بعد ایک مغربی سسٹم پاکستان کا رخ کر سکتا ہے، جو دسمبر کے وسط کے بعد ملک کے مختلف حصوں میں بارشیں اور بالائی علاقوں میں برفباری کا باعث بنے گا۔
موسمیاتی ماہر جواد میمن کے مطابق زیادہ تر ماڈلز اس بات پر متفق دکھائی دیتے ہیں کہ 18 سے 20 دسمبر 2025 کے دوران ایک مضبوط اور وسیع مغربی ہوا کا سلسلہ ملک میں داخل ہوسکتا ہے۔ تاہم انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ یہ طویل المدتی پیشگوئی ہے، لہٰذا ممکن ہے کہ وقت کے ساتھ اس میں ردوبدل ہو۔انہوں نے یاد دلایا کہ موسمِ سرما کے آغاز میں ہی بتایا گیا تھا کہ اس سال لا نینیا کے اثرات کے باعث بارشوں کی مقدار معمول سے کم رہے گی، مگر دسمبر کے وسط تک یہ رجحان کمزور پڑنے کی توقع ہے اور پھر دوبارہ بارشوں کا سلسلہ شروع ہو سکتا ہے۔
جواد میمن کا کہنا ہے کہ حتمی فیصلہ صرف اللہ کے ہاتھ میں ہے، یہ صرف ایک موسمی امکان ہے جس پر ماہرین نگاہ رکھے ہوئے ہیں، اور تمام تازہ پیشگوئیاں وقتاً فوقتاً عوام تک پہنچائی جاتی رہیں گی۔ انہوں نے دعا کی اپیل کی کہ بالخصوص خشک سالی کے شکار علاقوں کے لیے یہ بارشیں بڑی رحمت ثابت ہوں گی۔ ان کے مطابق نومبر 2025 میں بارشوں کی کمی 72 فیصد تک نوٹ کی گئی ہے۔















































