اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ایبٹ آباد کے علاقے ٹھنڈیانی سے بے نظیر شہید اسپتال میں تعینات لیڈی ڈاکٹر کی لاش برآمد ہونے پر افسوسناک انکشافات سامنے آگئے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر وردہ، جنہیں چند روز قبل لاپتا قرار دیا گیا تھا، دراصل اغوا کے بعد قتل کی گئی تھیں۔
پولیس کے مطابق ڈاکٹر وردہ کی گمشدگی کو پانچ دن گزر چکے تھے جب ان کی لاش بنوٹہ کے مقام سے ملی۔ ابتدائی معلومات میں بتایا گیا کہ وہ اسپتال سے اپنے قریبی دوست کے ساتھ گاڑی میں روانہ ہوئی تھیں، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کر لی گئی ہے۔
تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ ڈاکٹر وردہ نے اپنے اسی دوست کے پاس گزشتہ سال، یعنی 2023 سے تقریباً 67 تولے سونا امانت کے طور پر رکھوا رکھا تھا۔ اطلاعات کے مطابق واقعے کے روز وہ اسی زیور کی واپسی لینے کے لیے گئی تھیں، جس کے بعد ان کے ساتھ یہ المناک واقعہ پیش آیا۔
پولیس نے مزید شواہد اکٹھے کر کے کیس کی تفتیش آگے بڑھا دی ہے اور ذمہ داروں تک پہنچنے کی کوششیں تیز کر دی گئی ہیں۔















































