اسلام آباد (این این آئی)محکمہ موسمیات نے ملک کے شمالی علاقہ جات میں ہلکی بارش اور برفباری کی پیش گوئی کر دی ۔محکمہ موسمیات کے الرٹ کے مطابق شمالی علاقوں میں 5دسمبر کو ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے، 4دسمبر کی رات سے 5دسمبر تک کمزور مغربی ہوا کا سلسلہ ملک کے شمالی حصوں کو متاثر کرے گا۔گلگت بلتستان، کشمیر اور خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں ہلکی بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ اور بٹگرام میں 4 دسمبر کی رات سے 5 دسمبر تک بارش یا برفباری کا امکان، تاہم دیگر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب اور خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں دھند اور اسموگ برقرار رہنے کا امکان ہے۔لاہور، فیصل آباد، ملتان، ساہیوال، سیالکوٹ، نارووال اور گجرانوالہ میں صبح کے اوقات میں شدید دھند کی توقع ہے جبکہ پشاور، مردان، صوابی اور ڈی آئی خان میں بھی دھند کے باعث حدِ نگاہ متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔بابوسر اور ملحقہ علاقوں میں برفباری سے سڑکوں پر پھسلن اور بندش کا امکان ہے۔ بالائی علاقوں میں دن کے درجہ حرارت میں 1 سے 3 ڈگری کمی کا امکان ہے۔















































