کراچی (این این آئی)کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں نیپا چورنگی کے قریب ڈیپارٹمنٹل اسٹور کے باہر کھلے مین ہول میں 3 سالہ ابراہیم کے گرنے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی میڈیا رپورٹ کے مطابق اسٹور کی 2 سیڑھیوں سے اترتے ہی 5 قدم کے فاصلے پر کھلا مین ہول موجود تھا، فوٹیج کے مطابق بچہ چلتا ہوا گیا اور اچانک مین ہول میں گرگیا۔سی سی ٹی وی فوٹیج میں بچہ مین ہول میں گرتا ہوا واضح نظر آرہا ہے جس وقت بچہ گرا، مین ہول کے پاس کوئی حفاظتی چیز بھی موجود نہیں تھی۔ننھے ابراہیم کے پیچھے اس کی والدہ دوڑتی ہوئی آئیں اور آہ و بکا شروع کردی ، جائے حادثہ پر موجود لوگ گٹر کے گرد جمع ہوکر بچے کی تلاش میں مصروف ہوگئے۔
واضح رہے کہ گلشن اقبال میں نیپا چورنگی کے قریب اتوار کی رات 3 سالہ ابراہیم نجی ڈیپارٹمنٹل اسٹور کے باہر گٹر میں گر گیا تھا، بچے کی والدہ کی دردناک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی۔اہلخانہ اور اہل محلہ نے اپنی مدد آپ کے تحت مشینری بلاکر 3 سالہ ابراہیم کی تلاش شروع کی تھی، تاہم پوری رات گزرنے کے باوجود بچہ نہیں مل سکا تھا، پیر کو واقعے کے 14 گھنٹے بعد مقامی نوجوان نے بچے کی لاش جائے حادثہ سے تقریباً ایک کلومیٹر کے فاصلے پر نالے سے تلاش کرلی تھی۔















































