اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ملک میں سولر پینلز کی قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق لاہور کی مارکیٹ میں 5 سے 15 کلوواٹ تک کے سولر سسٹمز کی قیمتوں میں ڈیڑھ لاکھ روپے تک کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق 5 کلوواٹ کا سولر سسٹم اب 5 لاکھ 50 ہزار روپے میں دستیاب ہے، جبکہ 7 کلوواٹ سسٹم کی قیمت گھٹ کر 6 لاکھ 25 ہزار روپے رہ گئی ہے۔ 10 کلوواٹ سسٹم کی قیمت 9 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے، جبکہ 12 کلوواٹ سسٹم اب 10 لاکھ 50 ہزار میں فروخت ہو رہا ہے۔ اسی طرح 15 کلوواٹ کا سسٹم 13 لاکھ روپے میں دستیاب ہے۔
ادھر وفاقی حکومت نے سولر توانائی کے ذریعے بجلی پیدا کرنے والے صارفین پر عائد 16 فیصد جنرل سیلز ٹیکس وقتی طور پر معطل کر دیا ہے۔ سولر صارفین کی نظرثانی درخواست منظور ہونے کے بعد یہ اقدام اٹھایا گیا۔
صدر مملکت نے بھی سولر جی ایس ٹی سے متعلق اپیل قبول کرتے ہوئے معاملہ دوبارہ سماعت کے لیے وفاقی ٹیکس محتسب کو ارسال کر دیا ہے، جبکہ ہدایت کی گئی ہے کہ اس بارے میں تازہ اور جامع تحقیق کی جائے۔















































