اسلام آباد(این این آئی)محکمہ موسمیات پاکستان نے ایتھوپیا کے آتش فشاں سے متعلق الرٹ جاری کردیا۔ایتھوپیا میں دارالحکومت ادیس ابابا سے تقریباً 800کلومیٹر دور افار ریجن میں 12ہزار سال سے خاموش ہیلی گبی آتش فشاں پھٹ گیا جس سے نکلنے والا دھواں 46ہزار فٹ کی بلندی تک پہنچ گیا۔ایتھوپیا میں آتش فشاں ہیلی گبی پھٹنے سے راکھ کے بادل یمن ، عمان، بھارت، شمالی پاکستان تک پہنچے ہیں۔
اس معاملے پر ترجمان محکمہ موسمیات پاکستان انجم نذیر نے کہاکہ آتش فشاں کی راکھ گوادر کے جنوب میں 60ناٹیکل مائل پر دیکھی گئی۔ترجمان نے بتایا کہ محکمہ موسمیات نے پہلی بار کسی آتش فشاں کی راکھ سے متعلق الرٹ جاری کیا، یہ راکھ 45ہزار فٹ کی بلندی پرتھی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ڈومیسٹک پروازیں 34سے 36ہزار فٹ جبکہ بین الاقوامی پروازوں کے جہاز 40سے 45ہزار فٹ کی بلندی پر ہوتے ہیں۔ترجمان نے بتایا کہ یہ راکھ بین الاقومی پروازوں کے جہاز کے انجن کو متاثر کرسکتی ہیں۔















































