اسلام آباد (این این آئی)ایکس پر لوکیشن فیچر متعارف،عمران خان سمیت اہم شخصیات کی تفصیلات کا انکشاف ہوا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس نے اپنے پلیٹ فارم پر موجود صارفین کی لوکیشن دکھانے کا نیا فیچر متعارف کرا دیا۔رپورٹ کے مطابق نئے فیچر کے ذریعے صارفین اپنے علاوہ دوسروں کی پروفائلز پر جا کر یہ دیکھ سکیں گے کہ کسی فرد یا اکاؤنٹ کا اصل مقام کیا ہے، یہ فیچر صارفین کے بارے میں مزید معلومات ظاہر کرے گا تاکہ لوگ یہ جان سکیں کہ وہ پلیٹ فارم پر کس سے بات کر رہے ہیں۔گذشتہ روز اس فیچر کا اعلان کرتے ہوئے ایکس کے ہیڈ آف پراڈکٹ کا کہنا تھا کہ چند گھنٹوں میں ہم (اس اکاؤنٹ کی معلومات) کے فیچر کو عالمی سطح پر متعارف کرائیں گے، جس سے آپ دیکھ سکیں گے کہ کوئی اکاؤنٹ کس ملک یا علاقے میں واقع ہے۔ یہ معلومات پروفائل پر ایکس پر اکاؤنٹ بنانے کی تاریخ پر ٹیپ کرنے سے دستیاب ہو گی۔
انہوںنے کہاکہ یہ اس سوشل پلیٹ فارم کی شفافیت اور سچائی کو یقینی بنانے کی جانب پہلا اہم قدم ہے،ہم مستقبل میں صارفین کے لیے اور بھی طریقے فراہم کریں گے تاکہ وہ ایکس پر نظر آنے والے مواد کی صداقت کی تصدیق کر سکیں۔انہوںنے کہاکہ ان ممالک کیلئے جہاں اظہارِ رائے پر پابندیاں ہیں، پرائیویسی ٹولز شامل کیے گئے ہیں تاکہ صارف صرف اپنا علاقہ ظاہر کر سکے اور تفصیلی لوکیشن نہ دکھائی جائے اس حوالے سے گذشتہ ماہ ایک پوسٹ میں ان کا کہنا تھا کہ جب آپ ایکس پر مواد پڑھ رہے ہوں تو آپ کو اس کی تصدیق کرنے کے قابل ہونا چاہیے،یہ دنیا میں ہونے والے اہم مسائل کی صورتحال سمجھنے کے لیے نہایت ضروری ہے،اسی سلسلے میں ہم پروفائلز پر نئی معلومات دکھانے کا تجربہ کر رہے ہیں جس میں یہ بھی شامل ہے کہ اکاؤنٹ کس ملک سے تعلق رکھتا ہے اور دیگر تفصیلات۔اپنے اکاؤنٹ کی معلومات ویب یا ایکس موبائل ایپ میں دیکھنے کے لیے آپ اپنے پروفائل پر ‘جوائنڈ’ (ایکس پر اکاؤنٹ بنانے کی تاریخ) پر کلک کریں گے۔
یہاں سے آپ ایک صفحے پر پہنچ جائیں گے جو یہ معلومات دکھاتا ہے کہ یہ ایکس یا ٹوئٹر اکاؤنٹ کب بنایا گیا؟، اکاؤنٹ کس ملک میں ہے؟ کتنی بار نام تبدیل کیا گیا اور آخری تبدیلی کب ہوئی، اکاؤنٹ ایکس سے کیسے منسلک ہیں، مثلاً امریکہ کے ایپ سٹور سے یا گوگل پلے کے ذریعے۔ایکس کے مطابق یہ فیچر صارف کے اکاؤنٹ میں دی گئی معلومات، آئی پی ایڈریس اور دیگر پبلک ڈیٹا پوائنٹس کی بنیاد پر لوکیشن ظاہر کرتا ہے،اگر کسی صارف نے اپنی پروفائل میں اپنا ملک یا شہر شامل کیا ہے، تو وہ ظاہر ہوگا، اگر صارف نے لوکیشن خفیہ رکھی ہے، تو سسٹم قریب ترین مقام ظاہر کرنے کی کوشش کرے گا، یہ فیچر خاص طور پر ان مشہور اکاؤنٹس کیلئے مددگار ہے جو اپنی لوکیشن واضح کرنا چاہتے ہیں یا جن میں صارفین کی دلچسپی زیادہ ہو۔یہاں یہ یاد رہے کہ ایکس صارفین کو یہ بھی اختیار دیتا ہے کہ وہ اپنی لوکیشن ملک ظاہر کریں یا صرف علاقہ یا خطہ،پہلے یہ صرف اْن ممالک کے لیے تھا جہاں اظہارِ رائے پر پابندیاں ہو سکتی ہیں، لیکن اب امریکی صارفین بھی ملک یا خطہ دکھانے کا انتخاب کر سکتے ہیں۔ تاہم ڈیفالٹ کے طور پر ملک ہی دکھایا جائے گا۔رپورٹ کے مطابق سابق وزیر اعظم عمران خان کے ایکس اکاؤنٹ کا مقام غربی ایشیا نظر آ رہا ہے۔پاکستانی سیاستدانوں کے اکاؤنٹس کی لوکیشن کے شکرین شاٹ شئیر کیے جس میں نواز شریف کا اکاؤنٹ متحدہ عرب امارات سے آپریث ہوتا ہوا دیکھائی دیا۔















































