اسلام آباد (نیوز ڈیسک)صدرِ مملکت نے جسٹس امین الدین خان کو وفاقی آئینی عدالت کے پہلے چیف جسٹس کے طور پر تقرری کی منظوری دے دی ہے۔ایوانِ صدر کے مطابق، جسٹس امین الدین خان کی تقرری وزیرِ اعظم کی سفارش پر عمل میں لائی گئی۔ وہ اس عہدے پر فائز ہونے والے ملک کے پہلے چیف جسٹس ہوں گے۔ذرائع کے مطابق، جسٹس امین الدین خان اس سے قبل آئینی بینچ کے سربراہ کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے اور وہ اس ماہ کے اختتام، یعنی 30 نومبر کو ریٹائر ہونے والے تھے۔
واضح رہے کہ 27ویں آئینی ترمیم کا بل دونوں ایوانوں سے منظوری کے بعد صدر کے دستخط سے آئین کا حصہ بن چکا ہے۔ اس ترمیم کے تحت آرٹیکل 176 میں تبدیلی کی گئی ہے جس کے مطابق موجودہ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی اپنی مدت پوری ہونے تک چیف جسٹس پاکستان کے عہدے پر فائز رہیں گے۔آرٹیکل 255 کی شق 2 میں بھی ترمیم کی گئی ہے، جس کے تحت مستقبل میں چیف جسٹس پاکستان کا تعین چیف جسٹس سپریم کورٹ یا چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت میں سے سینیارٹی کی بنیاد پر کیا جائے گا۔















































