اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے حالیہ بیان پر سخت ردِعمل دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے۔وزیرداخلہ نے اپنے بیان میں کہا کہ ملک کے بہادر سپوتوں کے بارے میں بے بنیاد اور حقیقت سے دور الزامات برداشت کے قابل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ وطن کی خاطر اپنی جانیں قربان کرتے ہیں، ان کے خلاف اس طرح کی باتیں کوئی محبِ وطن شخص نہیں کر سکتا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے غیر ذمہ دارانہ گفتگو کے ذریعے ازلی دشمن کو خوش کرنے کی کوشش کی ہے، جبکہ پوری قوم اور دنیا ہماری سیکیورٹی فورسز کی لازوال قربانیوں کو تسلیم کرتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا وہ صوبہ ہے جہاں سب سے زیادہ سیکیورٹی اہلکار شہید ہوئے، لیکن وزیراعلیٰ نے اپنی باتوں سے احسان فراموشی کی انتہا کر دی۔محسن نقوی نے مطالبہ کیا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو اشتعال انگیز بیان پر قوم سے معافی مانگنی چاہیے۔















































