اسلام آباد (این این آئی)محکمہ موسمیات نے رواں ہفتے کے دوران ملک کے بالائی علاقوں میں تیز ہواؤں، برفباری اور بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ ملک کے بالائی علاقوں میں 4 نومبر سے بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے، جو 5 نومبر تک جاری رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا ایک سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوگیا، جو بارشوں، تیز ہواؤں اور بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ برفباری کا سبب بنے گا۔4 سے 5 نومبر کے دوران چترال، دیر، سوات، کوہستان، ایبٹ آباد اور ہری پور میں بارش متوقع ہے جبکہ صوابی، پشاور، مردان، کوہاٹ، کشمیر اور مظفرآباد میں بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔
اسی طرح اسلام آباد، راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال، تلہ گنگ، جہلم اور سرگودھا میں بھی بادل برسنے کی توقع ہے۔خوشاب، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، ناروال اور لاہور میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ بارشوں کے دوران درجہ حرارت میں نمایاں کمی متوقع ہے اور اسموگ و دھند میں بھی کمی آنے کا امکان ہے۔















































