اسلام آباد (نیوز ڈ یسک) لاہور کے علاقے گرین ٹاؤن میں شہری آصف کے قتل کا معمہ حل کر لیا گیا ہے، پولیس کے مطابق یہ لرزہ خیز واردات مقتول کی بیوی اور اس کے آشنا نے مل کر انجام دی۔تفصیلات کے مطابق ملزمہ قیصرہ نے اپنے قریبی دوست رضوان شاہ کے ساتھ مل کر شوہر کے قتل کی منصوبہ بندی کی۔ رضوان شاہ مقتول آصف کے کارخانے میں ملازم تھا، جہاں سے دونوں کے درمیان غیر اخلاقی تعلقات قائم ہوئے۔
پولیس نے بتایا کہ رضوان نے منصوبے کے مطابق آصف کو کارخانے میں قتل کیا اور بعد ازاں لاش کو موٹر سائیکل پر لاد کر پتوکی کے قریب نہر میں پھینک دیا۔ ذرائع کے مطابق آصف کے قتل کے بعد قیصرہ اپنے آشنا سے شادی کرنے کا ارادہ رکھتی تھی۔دلچسپ امر یہ ہے کہ آصف کی گمشدگی کا مقدمہ 23 اکتوبر کو خود اس کی بیوی قیصرہ نے ہی درج کرایا تاکہ پولیس کی توجہ اس سے ہٹ جائے۔ تاہم، تفتیش کے دوران بیانات میں تضادات اور شواہد میں مشکوک پہلو سامنے آئے جس کے بعد پولیس نے قیصرہ اور رضوان شاہ کو گرفتار کر لیا۔پولیس کے مطابق دونوں ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ مقتول آصف کی لاش نہر سے برآمد کر لی گئی ہے۔















































