اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما میاں محمود الرشید کی طبیعت اچانک ناساز ہونے پر انہیں جیل سے جناح اسپتال لاہور منتقل کر دیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق محمود الرشید کو سینے میں شدید تکلیف اور سانس لینے میں دشواری کے باعث فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے ابتدائی معائنے کے بعد سینے میں انفیکشن کی تشخیص کی۔
اسپتال ذرائع کے مطابق ان کی حالت اب قابلِ اطمینان ہے، تاہم مکمل تشخیص کے لیے مزید ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔ ماہرینِ امراضِ سینہ کی ٹیم ان کا علاج کر رہی ہے، جبکہ خون کے ٹیسٹ، ایکسرے اور سی ٹی اسکین کے ذریعے انفیکشن کی نوعیت اور شدت معلوم کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب، پاکستان تحریکِ انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو بھی طبی مسئلے کے باعث پی کے ایل آئی اسپتال داخل کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ان کے پتے میں پتھری پائی گئی ہے جس کی وجہ سے سرجری کی ضرورت پیش آئی۔ شاہ محمود قریشی 28 اکتوبر سے اسپتال میں زیرِ علاج ہیں، اور ان کا معائنہ ڈاکٹر فیصل کر رہے ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں بتایا کہ جیل کے دوران ڈاکٹروں نے انہیں پتے میں پتھری کی شکایت بتائی تھی، تاہم اس وقت وہ قید تنہائی میں تھے اور علاج ممکن نہیں تھا۔ ان کے مطابق پتھری بڑھنے کی وجہ سے انفیکشن پھیلنے کا خدشہ پیدا ہوگیا تھا جس پر ڈاکٹرز نے فوری آپریشن کا مشورہ دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ ملک کی سلامتی اور استحکام کے لیے دعاگو ہیں، جبکہ ان کے ٹیسٹ مکمل ہونے کے بعد ایک سے دو روز میں سرجری متوقع ہے۔









































