کیلیفورنیا (ٹیکنالوجی ڈیسک) ایپل نے رواں سال ستمبر میں آئی فون 17 سیریز متعارف کرائی تھی، اور اب اطلاعات کے مطابق کمپنی آئندہ سال ستمبر 2026 میں آئی فون 18 سیریز پیش کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔ تاہم، لانچ سے کافی پہلے ہی اس نئی سیریز کے بارے میں دلچسپ تفصیلات منظرِ عام پر آنا شروع ہوگئی ہیں۔
تازہ ترین لیکس کے مطابق، آئی فون 18 پرو ماڈلز میں ایسی انقلابی ٹیکنالوجی شامل کی جائے گی جو اس سے قبل کسی اسمارٹ فون میں موجود نہیں تھی۔ رپورٹس کے مطابق، ایپل سیٹلائیٹ کنیکٹیویٹی کو مزید بہتر بنائے گا تاکہ صارفین زمین پر نیٹ ورک نہ ہونے کے باوجود بھی انٹرنیٹ استعمال کر سکیں۔
یاد رہے کہ ایپل نے پہلی مرتبہ آئی فون 14 سیریز میں ایمرجنسی SOS سیٹلائیٹ فیچر متعارف کرایا تھا، جس سے صارفین ہنگامی حالات میں مدد حاصل کر سکتے تھے۔ بعد ازاں اس فیچر کو “فائنڈ مائی ڈیوائس” اور “روڈ سائیڈ اسسٹنس” جیسے سروسز تک توسیع دی گئی۔
اب دی انفارمیشن کی ایک رپورٹ کے مطابق، ایپل آئی فون 18 پرو اور پرو میکس ماڈلز میں 5G سیٹلائیٹ انٹرنیٹ سپورٹ متعارف کرانے کا ارادہ رکھتا ہے۔ اس کے ذریعے صارفین کو کسی روایتی موبائل نیٹ ورک کی ضرورت نہیں ہوگی بلکہ وہ براہِ راست سیٹلائیٹس کے ذریعے انٹرنیٹ تک رسائی حاصل کر سکیں گے۔
اگر یہ فیچر حقیقت بن گیا تو آئی فون 18 دنیا کا پہلا اسمارٹ فون ہوگا جو براہِ راست سیٹلائیٹ انٹرنیٹ کنیکشن فراہم کرے گا۔ اس پیشرفت سے دور دراز علاقوں میں موجود صارفین کو رابطے میں رہنے اور انٹرنیٹ کے استعمال میں آسانی ہوگی۔
اس سے قبل بھی رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ ایپل 2026 میں اپنی نئی آئی فون سیریز کے لیے نئی حکمتِ عملی اپنا رہا ہے۔ اطلاعات کے مطابق، آئی فون 18 کے پرو ماڈلز تو ستمبر میں لانچ کیے جائیں گے، تاہم اسٹینڈرڈ آئی فون 18 کو مارچ 2027 میں متعارف کرانے کا امکان ہے۔















































