اسلام آباد (نیوز ڈیسک) سینئر سیاستدان چوہدری نثار علی خان نے علاج معالجے کے سلسلے میں بیرونِ ملک جانے کی تیاری شروع کر دی ہے۔
نجی ٹی وی 92 نیوز کے مطابق خاندانی ذرائع نے بتایا کہ چوہدری نثار گزشتہ کچھ عرصے سے علیل ہیں اور پاکستان میں ان کا علاج جاری ہے، تاہم ڈاکٹرز ان کی بیماری کی مکمل تشخیص نہیں کر سکے۔ اسی وجہ سے انہوں نے بیرونِ ملک جا کر مزید طبی معائنہ کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیرِاعظم شہباز شریف نے چند روز قبل چوہدری نثار کی خیریت دریافت کرنے کے لیے ان سے ملاقات کی تھی۔ وزیرِاعظم نے انہیں اپنے گھر آنے کی دعوت بھی دی، مگر ناسازیِ طبع کے باعث وہ نہ جا سکے۔ خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ چوہدری نثار علاج مکمل ہونے کے بعد جلد وطن واپس لوٹ آئیں گے۔











































