اسلام آباد (نیوز ڈیسک)چمن سیکٹر میں پاک فوج کی مؤثر جوابی کارروائی کے بعد افغان طالبان نے جنگ بندی (فائر بندی) کی درخواست کر دی ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کی جانب سے سوشل میڈیا پر جھوٹی اور من گھڑت ویڈیوز پھیلائی جا رہی تھیں، جنہیں پاک فوج نے بے بنیاد قرار دیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ان ویڈیوز میں یہ تاثر دیا گیا کہ طالبان نے پاک فوج کے ہتھیار قبضے میں لے لیے ہیں، تاہم ایسی تمام خبریں حقائق کے منافی ہیں۔
سیکیورٹی حکام کے مطابق، پاک فوج نے افغان طالبان کی جارحیت کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا ہے، جس کے بعد طالبان کی جانب سے فائر بندی کی درخواست موصول ہوئی۔
ذرائع نے بتایا کہ پاک فوج کی کارروائی کے دوران افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے متعدد ٹھکانے، ٹینک اور عملہ کامیابی سے نشانہ بنایا گیا۔ فوج کی یہ کارروائی دشمن کی جانب سے سرحدی اشتعال انگیزی کے جواب میں کی گئی۔