اسلام آباد (نیوز ڈیسک)منگلا ڈیم اپنی زیادہ سے زیادہ گنجائش کے قریب پہنچ گیا ہے، ڈیم میں پانی بھرنے کے بعد صرف ایک فٹ کی گنجائش باقی رہ گئی ہے۔ انتظامیہ نے صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے دریائے جہلم میں ممکنہ اونچے درجے کے سیلاب کے خدشے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔ضلعی انتظامیہ نے جہلم کے دریائی کناروں پر آباد شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ بروقت احتیاطی اقدامات کریں اور محفوظ مقامات کی طرف منتقل ہو جائیں۔
حکام کے مطابق ریسکیو 1122 سمیت تمام متعلقہ ادارے ہائی الرٹ ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی کی جا سکے۔دوسری جانب میرپور کے نواحی علاقے پوٹھہ بینسی میں زمین کھسکنے کے واقعات سامنے آئے ہیں، جس کے نتیجے میں متعدد مکانات زمین بوس ہوگئے۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ منگلا ڈیم کے لبریز ہونے کے بعد علاقے میں سیم اور زمین کی نمی میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کی وجہ سے مٹی کی ساخت کمزور ہو گئی ہے۔انتظامیہ نے متاثرہ علاقوں میں ریلیف آپریشن شروع کرنے اور ممکنہ خطرات کے پیش نظر مزید نگرانی سخت کرنے کا عندیہ دیا ہے۔