اسلام آباد (نیوز ڈیسک) بھارت کی عسکری قیادت ایک مرتبہ پھر پاکستان مخالف اشتعال انگیز بیانات دینے لگی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی فوج کے سربراہ جنرل اوپندر دویدی نے الزام تراشی کرتے ہوئے کہا کہ اگر پاکستان خطے کے نقشے پر قائم رہنا چاہتا ہے تو اسے مبینہ دہشت گردوں کی حمایت ترک کرنی ہوگی۔
راجستھان میں فوجی جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے جنرل دویدی کا کہنا تھا کہ ’’آپریشن سندور‘‘ کے دوران بھارتی فوج نے جس حد تک تحمل دکھایا تھا، آئندہ ایسا نہیں ہوگا۔ انہوں نے اہلکاروں کو ہر قسم کے ایکشن کے لیے تیار رہنے کی ہدایت بھی کی۔
اسی دوران بھارتی فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف امر پریت سنگھ نے ایک پریس کانفرنس میں یہ دعویٰ کیا کہ مئی میں ہونے والے پاک بھارت تنازع کے دوران بھارتی فضائیہ نے پاکستان کے 5 جنگی طیارے تباہ کیے، جن میں ایف-16 اور جے ایف-17 تھنڈر بھی شامل تھے۔
تاہم جب صحافیوں نے ان سے سوال کیا کہ پاکستان کی جانب سے بھارتی طیارے مار گرائے جانے کے دعوے پر وہ کیا جواب دیں گے تو وہ خاموشی اختیار کر گئے۔
یاد رہے کہ پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف پہلے ہی بھارت کے دعووں کو جھوٹ قرار دے چکے ہیں اور انہوں نے دونوں ممالک کے فضائی بیڑوں کی آزادانہ تصدیق کا مطالبہ بھی کیا تھا۔
واضح رہے کہ 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب بھارتی فضائیہ نے پاکستان کے کئی مقامات پر حملے کیے جن میں شہری جان سے گئے۔ اس کے جواب میں پاک فضائیہ نے بھرپور کارروائی کرتے ہوئے 7 بھارتی جنگی طیارے مار گرائے، جن میں جدید رافیل بھی شامل تھے۔
بعد ازاں بھارت نے براہِ راست فضائی تصادم سے گریز کرتے ہوئے پاکستان کے شہروں پر ڈرون اور میزائل حملے شروع کر دیے، جس کے جواب میں پاک فوج نے ’’آپریشن بنیان مرصوص‘‘ کے تحت بھارتی ایئر بیسز اور دیگر فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا۔