کراچی(این این آئی)سہراب گوٹھ کے علاقے میں نامعلوم ملزم نے پولیس افسرکی بیوہ کو بچوں کے سامنے اندھا دھند فائرنگ کر کے قتل کر دیا اور موقع سے فرار ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق سہراب گوٹھ کے علاقے لاسی گوٹھ نزد ٹی سی ایف اسکول کے قریب گلی میں فائرنگ سے بیوہ خاتون 40 سالہ نازیہ زوجہ غلام عباس جاں بحق ہوگئی۔سہراب گوٹھ پولیس نے موقع پر پہنچ کر کرائم سین یونٹ کو طلب کر کے شواہد حاصل کرنے کے بعد مقتولہ کی لاش ضابطے کی کاررائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کی۔
ڈی ایس پی سہراب گوٹھ اورنگزیب خٹک نے بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق مقتول لاسی گوٹھ میں رہائشی پذیر اپنے بھائی کے گھر سے اپنے تین بچوں کے ہمراہ گھر کی جانب پیدل ہی جا رہی تھی کہ ایک ہی ملزم نے انہیں عقب سے گلی میں فائرنگ کا نشانہ بنایا جس کے باعث وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی جبکہ پولیس کو جائے وقوعہ سے متعدد گولیوں کے خول ملے ہیں۔پولیس حکام نے بتایا کہ متوفیہ پولیس اے ایس آئی غلام عباس چنہ کی دوسری بیوی تھیں، جائے وقوعہ سے گولیوں کے چار خول ملے ہیں، جبکہ خاتون کی لاش کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔پولیس حکام کے مطابق مقتولہ 8 بہن بھائیوں میں سب سے بڑی اور سائیں داد گوٹھ کی رہائشی تھیں، ان کا آبائی تعلق لاڑکانہ سے تھا۔انہوں نے مزید بتایا کہ پولیس افسر غلام عباس نے مقتولہ نازیہ سے پسند کی دوسری شادی کی تھی جبکہ ڈیڑھ سال قبل غلام عباس کا انتقال ہوگیا تھا۔
تاہم شبہ ہے کہ پولیس افسر کی بیوہ کا قتل ذاتی یا خاندانی رنجش کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے جس کی تمام پہلوئوں پر تفتیش کی جا رہی ہے۔ترجمان ضلع پولیس شرقی کے مطابق ابتدائی معلومات میں خاتون کوکسی نے تعاقب کرکے قتل کیا، تاہم قتل کے محرکات فی الحال واضح نہیں۔پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں اور ملزم کی تلاش کے لیے شواہد اکٹھے کیے جارہے ہیں۔