کراچی(این این آئی)پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے)نے مسافروں کی سہولت کے لیے کینیڈا جانے والی پروازوں پر 15 فیصد رعایت کا اعلان کیا ہے۔پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کے مطابق کینیڈا جانے والے مسافر 10 اکتوبر تک 15 فیصد رعایت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، رعایتی ٹکٹ سے 30 ستمبر سے 19 دسمبر کے درمیان سفر کرسکتے ہیں۔اس سے قبل پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے)نے اپنے بوئنگ 777 طویل فاصلے والے طیارے کی ضروری دیکھ بھال کی وجہ سے13 سے 27 ستمبر 2025 تک پاکستان سے کینیڈا کے لیے اپنا فلائٹ آپریشن عارضی طور پر معطل کر دیا تھا۔
پی آئی اے ٹورنٹو کیلئے اپنا فلائٹ آپریشن دو بوئنگ 777 ایل آر طیاروں کے ذریعے آپریٹ کرتی ہے، اس وقت ایک طیارہ لینڈنگ گیئر میں خرابی کی وجہ سے گراونڈ ہے، جبکہ دوسرا طیارہ مینٹیننس کے دوران غیر معیاری جیکس کا استعمال بوئنگ کمپنی کو رپورٹ ہونے کی وجہ سے گراونڈ کر دیا گیا ہے۔ترجمان پی آئی اے نے اس حوالے سے بتایا تھا کہ پاکستان سے کینیڈا کے لیے فضائی آپریشن کو عارضی طور پر معطل کرنے کا اقدام بحر اوقیانوس کو پار کرنے والے خصوصی بوئینگ 777 لانگ رینج طیاروں کی ضروری میٹیننس کیلئے اٹھایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت طیاروں کی مرمت کا مقصد آنے والے مہینے میں متوقع مسافروں کے رش سے پہلے اپنے طیاروں کو مکمل طور پر تیار کرنا ہے۔