اسلام آباد(نیوز ڈیسک) آزاد کشمیر کے علاقے بٹل میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے کارکنوں نے ایمبولینس کو روک دیا، نتیجتاً گاڑی میں موجود مریض محمد صادق بروقت اسپتال نہ پہنچ سکا اور جان کی بازی ہار گیا۔پولیس ذرائع کے مطابق مظفرآباد میں مسلم کانفرنس کی امن ریلی پر بھی کمیٹی کے مسلح کارکنوں نے حملہ کیا جس میں 11 افراد زخمی ہوئے۔ بتایا گیا ہے کہ حملہ آوروں نے پولیس کو بھی نشانہ بنایا اور ان پر ہتھیاروں اور غلیلوں سے وار کیے۔پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے واقعے میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی شروع کر دی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ کسی کو بھی امن و امان خراب کرنے، عوامی املاک کو نقصان پہنچانے یا زندگی کے معمولات متاثر کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔