اسلام آباد (نیوز ڈیسک) امریکی ایچ ون-بی ویزا کی نئی فیس کے حوالے سے وائٹ ہاؤس نے وضاحت پیش کر دی ہے۔وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرولین لیوٹ نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ مقرر کی گئی فیس ہر سال وصول نہیں کی جائے گی بلکہ یہ صرف ایک مرتبہ جمع کرائی جانے والی رقم ہوگی جو نئی درخواست (پیٹیشن) پر لاگو ہوگی۔ ان کے مطابق جو افراد پہلے سے ایچ ون-بی ویزا رکھتے ہیں وہ بغیر کسی اضافی فیس کے جتنی بار چاہیں امریکا سے باہر جا کر دوبارہ داخل ہو سکتے ہیں۔
ایک اعلیٰ امریکی اہلکار نے بھی نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہا کہ یہ فیس صرف ابتدائی مرحلے کی درخواست پر عائد کی جائے گی، موجودہ ویزا ہولڈرز یا تجدید کے خواہشمند افراد پر اس کا اطلاق نہیں ہوگا۔امریکا کی نئی پالیسی کے تحت ہنرمندوں کے لیے ویزا فیس ایک لاکھ ڈالر مقرر کی گئی ہے جو آج سے نافذ العمل ہو گئی ہے۔ اس فیصلے سے سب سے زیادہ متاثر بھارت ہوگا، کیونکہ ہوم لینڈ سیکیورٹی کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ برس مجموعی طور پر 3 لاکھ 99 ہزار 395 ایچ ون-بی ویزے جاری کیے گئے، جن میں سے 2 لاکھ 83 ہزار 397 بھارتی شہریوں کو ملے۔ چین دوسرے نمبر پر رہا جہاں سے 46 ہزار 680 افراد کو یہ ویزے دیے گئے۔پاکستان سمیت دیگر کئی ممالک کے شہریوں کو یہ ویزے ایک فیصد سے بھی کم ملتے ہیں، تاہم فیس میں بھاری اضافے کے باعث امریکا جانے کے خواہشمند تمام ہنرمند افراد متاثر ہوں گے۔