وہاڑی(این این آئی)وہاڑی کے تھانہ ٹبہ سلطانپور میں ناجائزتعلقات کاشاخسانہ ،بیوی نے ناجائزتعلقات میں رکاوٹ بننے پر آشناکے ساتھ مل کر خاوند کو قتل کردیا،جبکہ قاتل خاتون اور آشنا کوگرفتارکرلیاگیا۔تفصیل کے مطابق تھانہ ٹبہ سلطانپور کے علاقہ میں (ش)نامی خاتون کے مبینہ طورپر اپنے ہمسائے مشتاق سے تقریبا دو سال سے ناجائز تعلقات تھے اور ان دونوں کے تعلقات میں شوہر عبدالمجید رکاوٹ تھااسی بنا پر خاتون اور آشنا نے شوہر کو راستے سے ہٹانے کا منصوبہ بنایا ،خاتون نے شوہر کو دکان پر سودا سلف لینے بھیجا اور اپنے آشنا کو ریکی کرکے قتل کرنے کیلئے بھیج دیا۔ملزم مشتاق نے مقتول عبدالمجید پر راستے میں جاتے ہوئے فائرنگ کردی اور فرار ہوگیا،جبکہ عبدالحمید شدیدزخمی ہوگیا جسے تشویشناک حالت میں نشتر ہسپتال ملتان شفٹ کردیا مگر وہ جانبر نہ ہوسکااور ہسپتال میں دم توڑگیا۔
پولیس کے لئے یہ اندھا قتل کسی چیلنج سے کم نہ تھاجس کا فوری طور پر مقدمہ درج کرکے ڈی ایس پی میلسی سعید احمد سیال کی زیر نگرانی ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ایس ایچ او تھانہ ٹبہ سلطانپور اشرف ظہور اور ان کی ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی، ہیومن انٹیلیجنس اور کال ریکارڈ کی مدد سے ملزمان کوٹریس کر کے گرفتار کرلیا جنہوں نے جرم قبول کرلیاہے ڈی ایس پی سعید سیال نے کہاکہ یہ ایک انتہائی افسوسناک واقعہ تھا جو کہ پولیس ٹیموں نے انتہائی محنت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملزمان کو ٹریس کرکے گرفتارکیا۔ ملزمان کے خلاف تفتیش مکمل کرکے قانون کے مطابق سخت سزادلوائی جائے گی۔شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ جدید تکنیک، پیشہ ورانہ مہارت اور فوری رسپانس کی بدولت خطرناک جرائم میں ملوث ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جارہا ہے۔