اسلا م آباد (نیوز ڈیسک )پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان طے پانے والے تاریخی اسٹریٹیجک دفاعی معاہدے کے بعد بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو شدید تنقید کا سامنا ہے۔بھارت میں سوشل میڈیا صارفین اور مبصرین نے مودی حکومت کی خارجہ پالیسی کو ناکام قرار دیتے ہوئے سوالات اٹھائے ہیں۔ بھارتی تجزیہ کار اور کالم نگار ڈاکٹر براہما چیلانی نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ مودی نے گزشتہ برسوں میں سعودی عرب سے تعلقات بہتر بنانے کے لیے متعدد دورے کیے اور مختلف اقدامات اٹھائے، تاہم اس کے باوجود سعودی ولی عہد نے مودی کے یوم پیدائش پر پاکستان کے ساتھ باہمی دفاعی معاہدہ کرکے ایک غیر متوقع فیصلہ لیا۔
چیلانی کے مطابق اس معاہدے کی سب سے اہم شق یہ ہے کہ اگر کسی ایک ملک پر حملہ ہوتا ہے تو اسے دونوں ممالک پر حملہ سمجھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پیش رفت بھارت کے لیے ایک بڑا سفارتی دھچکا ہے، خاص طور پر ایسے موقع پر جب نئی دہلی خطے میں اپنی پوزیشن کو مزید مستحکم کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔واضح رہے کہ یہ معاہدہ سعودی دارالحکومت ریاض میں وزیراعظم شہباز شریف اور ولی عہد محمد بن سلمان کے درمیان طے پایا، جس کا بنیادی مقصد دونوں ملکوں کے درمیان دفاعی تعاون کو بڑھانا اور بیرونی جارحیت کی صورت میں مشترکہ دفاع کو یقینی بنانا ہے۔