اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وفاقی حکومت نے فیڈرل کانسٹیبلری کا ہیڈکوارٹر پشاور سے اسلام آباد منتقل کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی کی سربراہی میں سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، وفاقی سیکریٹری داخلہ، کمانڈنٹ اور ڈپٹی کمانڈنٹ فیڈرل کانسٹیبلری، چیئرمین سی ڈی اے، آئی جی اسلام آباد پولیس، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران محسن نقوی نے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ فیڈرل کانسٹیبلری ہیڈکوارٹر کے لیے دارالحکومت میں فوری طور پر موزوں زمین کی نشاندہی کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اراضی کے تعین میں ہیڈکوارٹر کے ساتھ ساتھ تربیتی سہولیات کی ضروریات کو بھی مدنظر رکھا جائے۔وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ فیڈرل کانسٹیبلری کو جدید خطوط پر استوار کرتے ہوئے ایک مؤثر اور پیشہ ور فورس کے طور پر ڈھالا جائے گا۔ اس موقع پر انہوں نے نئے ہیڈکوارٹرز کا ماسٹر پلان بھی طلب کیا تاکہ منصوبے کو جلد عملی جامہ پہنایا جا سکے۔