اسلام آباد(نیوز ڈیسک)سیلابی ریلا موٹروے ایم فائیو سے ٹکرا گیا، جلال پور پیروالا شہر کو بچانے کے لیے دیا گیا شگاف موٹروے کے پشتوں تک جا پہنچا۔موٹروے کو نقصان سے بچانے کے لیے فوری طور پر پتھروں سے بھرے 20 ٹرک موقع پر پہنچا دیے گئے اور پشتوں کو مضبوط بنانے کے لیے حفاظتی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ادھر دریائے چناب میں پنجند کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے، جہاں پانی کا بہاؤ 6 لاکھ 84 ہزار 293 کیوسک تک پہنچ گیا ہے۔
دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے اور پانی کا اخراج 78 ہزار 492 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اسی دریا میں ہیڈ اسلام اور سلیمانکی کے مقامات پر درمیانے درجے کا سیلاب جاری ہے، ہیڈ اسلام پر پانی کا بہاؤ 82 ہزار 155 کیوسک جبکہ سلیمانکی پر 82 ہزار 585 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔دریائے راوی میں بھی سیلابی صورتحال برقرار ہے، سدھنائی کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب موجود ہے اور وہاں پانی کا اخراج 58 ہزار 683 کیوسک نوٹ کیا گیا۔دریائے سندھ میں گڈو بیراج اور سکھر بیراج پر بھی درمیانے درجے کا سیلاب جاری ہے۔ گڈو بیراج پر پانی کا بہاؤ 4 لاکھ 85 ہزار 272 کیوسک جبکہ سکھر بیراج پر 4 لاکھ 18 ہزار 810 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔