اسلام آباد (نیوز ڈیسک) جاپان میں ایک انوکھا واقعہ پیش آیا جہاں 18 سالہ نوجوان نے اپنے چچا کے خراٹوں سے تنگ آ کر انہیں زہر دینے کی کوشش کی۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق، ملزم نے اپنے 52 سالہ چچا کے کھانے میں زہر ملا دیا جس کے بعد متاثرہ شخص کی طبیعت بگڑ گئی۔ تاہم فوری طبی امداد ملنے کی وجہ سے ان کی جان بچ گئی اور اب وہ خطرے سے باہر ہیں۔پولیس نے نوجوان کو گرفتار کر کے اس کے خلاف قتل کی کوشش کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔ ابتدائی تفتیش کے دوران نوجوان نے اعتراف جرم کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے چچا کے خراٹوں سے شدید پریشان تھا اور اسی وجہ سے اس نے یہ قدم اٹھایا۔