اسلام آباد (نیوز ڈیسک)کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) نے 12 ربیع الاول کے موقع پر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے ایک بینر کے متن کو جھوٹا قرار دے دیا۔گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر کچھ بینرز گردش کر رہے تھے جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ یہ سی سی ڈی کی جانب سے مختلف مقامات پر آویزاں کیے گئے ہیں۔ ان بینرز میں درج تھا کہ “12 ربیع الاول کے دن اگر کسی بھی اسٹیج، ٹرالی یا سڑک پر ڈانس، گانے یا کسی قسم کی غیر اخلاقی حرکات کی گئیں تو سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
“تاہم سی سی ڈی کے ترجمان نے واضح کیا کہ ادارے نے اس نوعیت کا کوئی پیغام یا ہدایت نامہ جاری نہیں کیا۔ ترجمان کے مطابق، سی سی ڈی کا کام صرف اور صرف قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے سنگین جرائم کی روک تھام ہے، اور عید میلاد النبی ﷺ کی تقریبات سے متعلق کسی قسم کی خصوصی ہدایات جاری نہیں کی گئیں۔