ملتان(این این آئی)معروف ٹک ٹاکر دانیہ شاہ کے شوہر حکیم شہزاد لوہا پاڑ کو مجرا کرانے اور مجرے کی ویڈیو وائرل کرنے پر ملتان پولیس نے تھانے طلب کرلیا جب کہ انہوں نے عوام سے معافی بھی مانگ لی۔حکیم شہزاد لوہا پاڑ کی سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے، جس میں وہ ملتان پولیس کی جانب سے طلب کیے جانے پر بات کرتے دکھائی دیتے ہیں۔حکیم شہزاد مختصر ویڈیو میں بتاتے ہیں کہ انہوں نے حال ہی میں شادی کے موقع پر مجرا کروایا تھا اور مجرے کے دوران انہوں نے ویڈیو بناکر اسے وائرل بھی کردیا تھا۔انہوں نے بتایا کہ مجرے کی وائرل ہونے والی ویڈیو میں ان کی جانب سے نامناسب الفاظ بھی استعمال کیے گئے، جس سے بہت سارے افراد کی دل آزاری ہوئی۔
انہوں نے بتایا کہ وہ ٹک ٹاک ویڈیوز بناتے رہتے ہیں اور وہ حکیم شہزاد لوہا پاڑ کے نام سے مشہور ہیں، وہ ملتان کے علاقے شجاع آباد کے رہنے والے ہیں۔حکیم شہزاد لوہا پاڑ نے کہا کہ ان کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد انہیں سائبر کرائم ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) پولیس ملتان نے تھانے بلایا، جس پر وہ عوام سے معافی کے طلب گار ہیں۔انہوں نے اعتراف کیا کہ انہیں ایسی ویڈیو بنانی چاہیے تھی، نہ اس میں نامناسب الفاظ کا استعمال کرنا چاہیے تھا۔انہوں نے اعلان کیا کہ شادی اور مجرے کے دوران ہونے والی سلامی کے پیسے وہ سیلاب متاثرین میں تقسیم کریں گے۔انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ پولیس نے ان کے خلاف مقدمہ دائر کیا یا نہیں؟ تاہم سوشل میڈیا رپوٹس کے مطابق پولیس نے انہیں مشروط معافی کے بعد چھوڑ دیا۔