اسلام آباد (نیوز ڈیسک)بھارت کی ریاست راجستھان میں 55 سالہ خاتون کے ہاں 17ویں بچے کی پیدائش ہوئی ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق اُدے پور کے علاقے لیلواس گاؤں میں رہنے والی ریکھا، جو کاورا رام کی اہلیہ ہیں، نے اپنے 17ویں بچے کو جنم دیا۔ اسپتال حکام کے مطابق ماں اور نوزائیدہ دونوں خیریت سے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ریکھا اور کاورا رام کے 5 بچے (4 بیٹے اور ایک بیٹی) کم عمری میں ہی انتقال کر گئے تھے، جبکہ ان کے 12 بچے اب بھی زندہ ہیں، جن میں 7 بیٹے اور 5 بیٹیاں شامل ہیں۔کاورا رام نے بتایا کہ ان کے دو بیٹے اور تین بیٹیاں شادی شدہ ہیں اور ان کے بھی بچے ہیں۔جوڑے کے مالی حالات انتہائی خراب ہیں۔ کاورا رام، جو کباڑ کا کام کر کے گزر بسر کرتے ہیں، کا کہنا ہے کہ اسے بچوں کی شادیوں کے لیے سود پر قرض لینا پڑا۔ اس نے یہ بھی انکشاف کیا کہ خاندان کے کسی بھی فرد نے کبھی اسکول میں تعلیم حاصل نہیں کی۔